وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے سٹیٹ بینک کے نئے تعینات ہونے والے گورنر جمیل احمد کی ملاقات

158

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے پیر کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے گورنر جمیل احمد نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے سٹیٹ بینک کے نئے تعینات ہونے والے گورنر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لئے کئے جانے والے مالیاتی اقدامات کے بارے میں بتایا۔ اس بات کا بھی اشتراک کیا گیا کہ پائیدار اور موثر اقتصادی ترقی کے لئے مالیاتی اور مانیٹری پالیسی میں ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے معیشت کو طویل المدتی اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مالیاتی پالیسی کے مقاصد کے مطابق قابل عمل مانیٹری پالیسی اقدامات کرنے پر گہری آمادگی کا اظہار کیا۔ گورنر سٹیٹ بینک نے وزیر خزانہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔