وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد حسین کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

227

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے منگل کو پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد حسین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کامرس اینڈ انڈسٹری رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر، محمد شکیل منیر صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وفد نے وزیر خزانہ کو معیشت کی ترقی میں ان کی صنعت کے تعاون سے آگاہ کیا اور فرنیچر کے شعبے کو درپیش مسائل بالخصوص جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکسوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وفد نے اپنے معاملات کو حل کرنے کی درخواست کی اور اس شعبے میں کارکردگی لانے کے لیے حکومت سے تعاون طلب کیا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے متعلقہ حکام کو فرنیچر انڈسٹری کے مسائل حل کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن پر مزید زور دیا کہ وہ اپنی برآمدات کی بنیاد کو بڑھائے۔