اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ کو ڈیلی ویج ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے 29 کروڑ 7 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ یہ رقم فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تحت تعلیمی اداروں میں ڈیلی ویج ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے خرچ ہو گی۔ وزیر خزانہ نے ملازمین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری کے ساتھ حالیہ ملاقات میں اس معاملہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔