اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے ریلوے اور شہری ہوابازی کے شعبہ جات کو درپیش مسائل کے حل میں تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے یہ بات ریلوے اور ایوی ایشن کے امور پر جمعرات کو فنانس ڈویژن میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری ریلوے، سیکرٹری ایوی ایشن، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور خزانہ، ایوی ایشن اور ریلوے ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے چیئر کو سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں سول ایوی ایشن اور ریلویز کے شعبوں کے مالیات، ٹیکسیشن، بقایا ادائیگیوں اور کیش فلو سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس ممکنہ حل اوران اقدامات پر بھی غور کیا گیا جو درپیش مسائل کے حل کے لئے اٹھائے جا سکتے ہیں تاکہ ہوائی اور ریل مسافروں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پی آئی اے سی ایل کی کارکردگی میں بہتری لانے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے تنظیم نو پر بھی غور کیا گیا۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دونوں شعبوں میں بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور کوششوں کو سراہا اور سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔