23 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر خزانہ و محصولات کا ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم...

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات کا ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کےلئے دورہ مکمل

- Advertisement -

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی کے دورے کے آخری روزویزا کے علاقائی صدر اینڈریو ٹورے سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کے ادائیگیوں کے ایکو سسٹم کو جدید بنانے کے لئے ویزا کے عزم کو سراہا جس میں ادائیگی کرنے والی ون لنک جیسی مقامی کمپنیوں کی مدد بھی شامل ہے ۔ انہوں نے مالی شمولیت اور کاروباری افراد کی معاونت کے لئے ویزا کے اقدامات کو بھی سراہا۔ وزیر خزانہ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ویزا میزان بینک کے ساتھ فنانشل انکلوژن کارڈ لانچ کر رہا ہے۔

ملاقات کے دوران فریقین نے کسٹمرز کے لئے زیادہ بہتر انتخاب اور گھریلو لین دین کی پروسیسنگ کے لئے یکساں مواقع کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اپنے دورہ کے آخری روز وزیر خزانہ نے چین کے نائب وزیر خزانہ لیاؤ من سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ کیا اور آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف)کے حصول سمیت پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے غیر متزلزل حمایت پر چین کی حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کی اقتصادی اصلاحات کے تجربے سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے بی وائی ڈی کی جانب سے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خزانہ نے فنانسنگ بیس کو متنوع بنانے کے لئے چینی مارکیٹ میں افتتاحی پانڈا بانڈ کے اجرا کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے چینی کارکنوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے چین کے نائب وزیر خزانہ کو بتایا کہ چینی کمپنیوں کی اکثریت پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینا اور روزگار کے مواقع بڑھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے چین کے ساتھ کرنسی سویپ معاہدے کے تحت دائرہ کار میں اضافہ کی خواہش کا اظہار کیا ۔

فریقین نے آن لائن سیٹلمنٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے نیٹیکس کے گلوبل ہیڈ آف کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ بزنس محمد کلالہ نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بینک کے آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے، قابل تجدید توانائی، نقل و حمل، ہوا بازی ، ٹیلی کام اور ٹیک کے شعبوں میں اس کے مستحکم کردار کے حوالے سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ محمد کلالہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے فنانسنگ ایڈوائزری فراہم کرنے کے حوالے سے خلیجی ممالک بالخصوص سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بینک اس طرح کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے معروف پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرنا چاہتا ہے۔ فریقین نے مستقبل میں مزید رابطے جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ اعلامیہ کے مطابق گوگل کے نائب صدر اور حکومتی امور اور پبلک پالیسی کے عالمی سربراہ کرن بھاٹیا نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں گوگل کے حالیہ کام ، مصروفیات اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے سمیت ٹھوس معاشی شراکت داری کے حوالہ سے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ریگولیٹری ، قانون سازی ، رابطے اورمالیاتی امور سے متعلق درپیش مشکلات کا ذکر کیا ، وزیر خزانہ نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیر خزانہ نے پاکستانی نژاد امریکن ٹیک انٹرپرینیورز سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے آئی ٹی کو معیشت کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سے ایک شعبہ قرار دیا اور بتایا کہ فری لانسنگ کے لحاظ سے پاکستان سرفہرست 5 ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے ملک کی بڑھتی ہوئی برآمدات میں آئی ٹی سیکٹر کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو قانون سازی، پالیسی، ریگولیٹری اور وسیع آپریشنل اقدامات کے ذریعے فعال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سالانہ اجلاس 2024 کے موقع پر مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اپنی مصروفیات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اے آئی آئی بی کے صدر جن لیکون سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کی معاونت کو سراہا ۔ انہوں نے اپنے گزشتہ دورہ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پیپلز بینک آف چائنا (پی بی او سی) کی انتظامیہ سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ حکومت اپنی فنانسنگ بیس کو متنوع بنانا چاہتی ہے اور اے آئی آئی بی کی جزوی کریڈٹ گارنٹی کے ساتھ پانڈا بانڈ جاری کرنے کے امکانات تلاش کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کی حمایت کے لئے اے آئی آئی بی کو ایک اینکر کے طور پر شامل کرنے سے مارکیٹ کو ایک مضبوط سگنل جائے گا۔ اس موقع پر نو ڈیل اور ڈیل روڈ شو ز منعقد کرانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے پاکستان میں اے آئی آئی بی منصوبوں کے پورٹ فولیو کی پیش رفت اور جاری منصوبوں کو بہتر بنانے کے لئے مزیدکاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انفراسٹرکچر کے حوالے سے وزیر خزانہ نے اے آئی آئی بی کو این فائیو (جی ٹی روڈ) کی تعمیر نو کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔وزیر خزانہ کی دیگر سرگرمیوں میں پاکستانی تارکین وطن کمیونٹی کے منتخب رہنماؤں کے ایک گروپ سے ملاقات بھی شامل تھی ،

جس میں انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، کاروباری اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی تارکین وطن کی گراں قدر خدمات اور امریکہ میں پاکستانی میڈیا ہاؤسز کے نامہ نگاروں کے ساتھ رابطے کو بھی سراہا ۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے انہیں پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور دورہ واشنگٹن کے دوران اپنی ہفتہ بھر کی مصروفیات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں