اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کل بجٹ پر بحث سمیٹیں گے، بلوچستان کے مسائل بہت گھمبیر ہیں، ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے، وفاقی حکومت صوبے کے لئے جو کچھ بھی کر سکتی ہے کرے گی۔ جمعہ کو ایوان بالا میں مختلف ارکان کی طرف سے اٹھائے جانے والے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،
بلوچستان میں چار دانش سکول تعمیر کیے جائیں گے، ایک سکول پر تین ارب روپے لاگت آتی ہے، حکومت بلوچستان کو بھی اس پر آن بورڈ لیا گیا ہے اسی طرح پی ڈی ایل کا جب فیصلہ ہوا تو وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس پورے ملک سے اکٹھا ہونا ہے، میں بلوچستان کو یہ سہولت دینا چاہتا ہوں، خونی سڑک کا معاملہ یہاں پہ کئی دفعہ اٹھایا گیا وہ ساری کی ساری رقم اس کے لئے منتقل کر دی گئی ہے اور کوئٹہ، چمن کراچی شاہراہ کو بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دل کے بہت قریب ہیں وہاں کے مسائل بہت گھمبیر ہیں، ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے، وفاقی حکومت جو کچھ بھی کر سکتی ہے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے قانون منظور کر رکھا ہے 18 سال سے کم عمر کی شادی پر پابندی ہے ہندو بچیوں کے اغوا کا جو واقعہ پیش آیا اس حوالے سے وزارت انسانی حقوق صوبائی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اس واقعہ کی مکمل چھان بین ہوگی۔وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ اس حوالے سے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔