اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے،ملکی معیشت کے تمام شعبے غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے بالکل کھلے ہیں، امریکہ کی حکومت پاکستان میں نجی امریکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں امریکہ کے تجارتی نمائندے ایمبیسیڈر مائیکل فورمین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے مائیکل فورمین کو حکومت کی طرف سے معیشت کے استحکام کیلئے کی جانے والی اصلاحات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے بھی نمایاں پیشرفت کی ہے اور ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایا ہے۔