وفاقی وزیر خزانہ کی ریمیٹ پر مجموعی پیش رفت کی تعریف،شراکت داروں کو مزید فعال،موثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت

115
وفاقی وزیر خزانہ کی ریمیٹ پر مجموعی پیش رفت کی تعریف،شراکت داروں کو مزید فعال،موثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اور ٹریڈ پروگرام (ریمیٹ) پر مجموعی پیش رفت کو سراہتے ہوئے مختلف شراکت داروں کو پروگرام کے تحت حتمی نتائج کے فوری عملدرآمد کے لئے مزید فعال،موثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں ریمیٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کا مقصد کمیٹی کے گذشتہ اجلاس میں محصولات کومتحرک کرنے ، سرمایہ کاری کے ماحول، تجارت اورکلی معیشت کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینا تھا۔پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ، مختلف حکومتی وزارتوں کے اعلیٰ عہدیداران جن میں وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ، وزارت تجارت، وزارت صنعت و پیداوار، بورڈ آف انویسٹمنٹ، ایف بی آر اور ریمیٹ کے عملدرآمدی شراکت داران،عالمی بینک، جی سی ایس آئی اور اے ایس آئی شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف شعبوں خصوصاً محصولات کومتحرک کرنے، سرمایہ کاری کے ماحول، ملکی معیشت کی گورننس، تجارت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبے میں میں شراکت داروں کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اس پیش رفت کا مقصد میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانا اور پائیدار اور جامع ترقی کے لئے سازگار حالات فراہم کرنا ہے۔

محمد اورنگزیب نے پروگرام پرمجموعی پیش رفت کو سراہا اور مختلف سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ پروگرام کے تحت حتمی نتائج کے فوری عملدرآمد کے لئے مزید سرگرم اور مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ خود پروگرام کی مختلف سرگرمیوں، اہداف اور نتائج کی نگرانی کریں گے تاکہ یہ پروگرام بروقت اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب رہے۔