
اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں اسلامی بینکاری سے متعلق نئی پراڈکٹس کو ترجیحی بنیادوں پر متعارف کرایا جانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اشرف محمود وتھرا اور ڈپٹی گورنر سعید احمد کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو ملک میں اسلامی بینکاری کو وسعت دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان میں اسلامی بینکاری میں نمایاں نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسلامی بینکنگ سے متعلق نئی مصنوعات کی دستیابی سے شہریوں کو ملک میں بینکنگ کے انتخاب کیلئے زیادہ مواقع میسر ہوں گے، موجودہ حکومت نے گذشتہ تین سالوں کے دوران اسلامی بینکاری پر توجہ دی ہے اور سکوک بانڈز کا اجراءموجودہ حکومت کے اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کے فیصلہ کا نتیجہ ہے۔