وفاقی وزیر خسرو بختیار کی نجی ٹی وی سے بات چیت

54

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کے کام میں تیزی لائی جائے گی‘ منصوبے اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہونگے۔ جمعہ کو پی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سی پیک کے منصوبوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کے باب کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سی پیک کے منصوبوں سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے سی پیک کے حوالے سے معاہدوں کے حقائق سے متعلق میڈیا کو آگاہی نہیں دی جس کی وجہ سے اس ضمن میں پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ملک میں مصنوعات کی تیاری کے شعبے کو فروغ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سی پیک کے تحت صنعتی تعاون محض خصوصی اقتصادی زونز تک محدود نہیں ہونا چاہئے۔