اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سی پیک کاموجودہ مرحلہ پاکستانی عوام کےلئے معاشی فوائد لے کر آئے گا، سی پیک اب دوسرے مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے جس میں غربت کے خاتمہ، زراعت اور صنعتی تعاون پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان، سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور وزارت کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک قومی معیشت کو مزید فروغ دینے اور غربت کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی سی پیک منصوبوں کی رفتار تیز ہو گئی ہے۔ ملاقات میں مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جو سی پیک میں شامل کئے جائیں گے جن میں پیٹرو کیمیکل پلانٹ، ڈیمز، ریفائنری اور گیس پائپ لائن کے منصوبے شامل ہیں۔