
اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان جمہوریت اور پاکستان کے استحکام کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، ان سے بڑا کوئی چور نہیں، ان کی باتیں ”چور مچائے شور“ والی ہیں، کشمیر کے معاملہ پر پی ٹی آئی نے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے بھارت کا دل خوش کیا ہے، آئین کسی کو پاکستان کا کوئی شہر بند کرنے کی اجازت نہیں دیتا، عمران خان بتائیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، تبدیلی 2018ءمیں ووٹ کے ذریعے ہی آئے گی، سول حکومت اور ریاستی اداروں کے تعلقات میں کوئی خرابی نہیں، یہ ذہنی اختراع ہے جبکہ وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ تشدد ہوا یا کوئی قیمتی انسانی جان ضائع ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر عائد ہو گی۔ جمعرات کو پی آئی ڈی میں وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کچہری کے اندوہناک حملہ کے بعد پولیس کیڈٹس پر افسوسناک حملہ ہوا جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور انہوں نے شہادت کا رتبہ پایا، اس پر پاکستانی کی آنکھ اشکبار ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کی کمر توڑی ہے مگر اس کے باوجود ایسے واقعات ہوتے ہیں، پوری قوم اس بات پر یکسو ہے کہ آخری دہشت گرد تک ہم یہ جنگ جاری رکھیں گے، زرتلافی کبھی بھی کسی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، صوبائی حکومت نے 50 لاکھ روپے اور ان کی تنخواہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔