لاہور۔21اپریل (اے پی پی):وزارتِ ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے جمعرات کے روزریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے ظفر زمان رانجھا نے وزیر ریلوے کا استقبال کیا۔
سی ای او ظفر زمان رانجھا نے وفاقی وزیر کو ریلوے کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے گفتگو کرتے ہوئے ریلوے افسران کو ہدایت کی کہ مسافروں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا کام وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے 2018 میں رکا تھا۔ انہوں نے افسرا ن سے کہا کہ آپ کو کوئی سفارش کی جائے گی نہ ہی آپ پر کوئی سیاسی دبا ڈالا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے دیانتداری سے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب ہم نے ریلوے کو پٹڑی پر بھی چڑھانا ہے اور اس کی رفتار بھی بڑھانی ہے، ادارے کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔اس موقع پر وزیر ریلوے کو ہرنائی،سبی اسٹیشن کی بحالی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے عید کے دنوں میں سفری کرایوں میں کمی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال نازک ہے لہذا جو پرزے ہماری ورکشاپوں میں بن سکتے ہیں ان کو درآمد نہ کیا جائے،ٹرینوں کی صفائی کے حوالے سے لوگوں کی بہت شکایات ہیں، اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور سروس کا معیار ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے۔