وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 10 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے این اے 110 کا فیصلہ سنا کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا ہے، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آ چکا ہے اس لیے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کام ہی بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگانا ہے، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الٰلہ تعالیٰ کے فضل سے میں الیکشن کے دن بھی جیتا اور پھر ٹربیونل میں بھی میرے ہی حق میں فیصلہ ہوا اور اب سپریم کورٹ نے بھی میرے ہی حق میں فیصلہ سنایا ہے جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ ووٹرز سے لیکر الیکشن ٹربیونل اور پھر اعلیٰ ترین عدلیہ سپریم کورٹ یہ اب تیسرا لیول ہے جس نے تحریک انصاف کے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے اس لیے اب اس پر مزیدکوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا