اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم ایران سے توانائی کے حصول کے منتظر ہیں جو پاکستا ن سے قریب ترین علاقہ کی سستی ترین توانائی کا ذریعہ ہے۔ بدھ کو ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کئی عشروں سے سماجی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں اور پاکستان، ایران کے ساتھ اخوت پر مبنی اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے امور، توانائی اور تجارت کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی و زیر خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کی توانائی سے حصول کےلئے ہر ممکن طور پر استفادہ کرے گا کیونکہ ایران سے آنے والی توانائی پاکستان کے قریب ترین تیزی اور سستی ترین ہے۔ وزیر نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کا شعبہ سرمایہ کاری کے لیے منافع بخش شعبہ ہے اور ایران کو بجلی کی تیاری، بجلی کے انفراسٹرکچر ، بجلی کی ترسیل و تقسیم کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیئے۔