وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کی یومِ پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد

147

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن 1940 ء میں برصغیرکے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا، ایسا وطن جہاں عوام اسلامی نظریات کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں ۔ آج کے دن ہم با نیانِ پاکستان جن کی جدو جہد اور قربانیوں کی بدولت پاکستان معرضِ وجود میں آیا، کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

یوم ِ پاکستان23 مارچ 2023 ء، کے موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا قوم کے نام پیغام میں کہا کہ بھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم،ہندو توا کی بڑھتی ہوئی لہر اور مسلمانوں کے خلاف تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور غیر قانونی طور پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے جاری مظالم اس بات کا ثبوت ہیں کہ اُس وقت کی مسلم قیادت نے ایک دانشمند انہ فیصلہ کیا تھا۔یہ دن بحثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور خامیوں کا جائزہ لینے کی بھی یادہانی کراتا ہے۔

آزادی کے وقت ہمیں مہاجرین کی آبادکاری اور بحالی، نوزائیدہ ریاست کے آئینی اور انتظامی مسائل، سلامتی کے خطرات، نئی ریاست کو مضبوط سماجی، اقتصادی اور صنعتی بنیادوں پر استوار کرنے اور تنازعہ جموں و کشمیر جیسے بہت چیلنجزکا سامنا تھا۔ ان چیلنجز کے باوجود ہم نے اپنی مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔

ہم نے ریاستی ادارے قائم کئے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان نے جوہر ی صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی پر قابو پایا اور پاکستانی قوم نے قدرتی آٖفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا بھر پور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ آج بھی ہم پاکستان کو درپیش چیلنجزپر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔اگر ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کےسنہری اصولوں پر کاربند ہو جائیں تو ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔