وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی بارے اجلاس

127

لاہور۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز لاہور میں سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی بارے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹارائو طاہر، ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انوراور دیگر اعلی افسران نےشرکت کی۔اجلاس میں صوبہ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ کو صوبہ میں انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے لیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ تمام سیکورٹی ادارے ملکی و غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے، تمام افراد بشمول غیر ملکی شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کی لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک اور دیگر منصوبوں میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے،تمام سکیورٹی ادارے بالخصوص پنجاب پولیس اور آئی بی مل کر کام کریں۔وزیر داخلہ نے سی ٹی ڈی اور سیف سٹی میں اصلاحات اور تنظیم نو کی ہدایت کی تاکہ ان اداروں میں قابل اور محنتی افراد آگے آئیں۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی سے اس وقت پچاس فیصد لاہور کی نگرانی کی جا رہی ہے، سیف سٹی سے لاہور کی 100 فیصد نگرانی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔