
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے دورہ عراق کے دوران عراق کے صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید اور وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں،دونو ں ممالک نے دہشت گردی کا سامنا کیا اور اس کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔عراقی صدر اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دونوں ممالک کے مابین تجارت، دفاع اور آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانےپر اتفاق کیا ۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ پاکستان کی وزار ت داخلہ عراقی وزارت داخلہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی خواہاں ہے ۔ عراقی صدر نے کہا کہ پاکستانی فوج بہترین صلاحیتوں کی حامل ہے اور پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی جس میں عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری بھی شریک تھے ۔
ملاقات میں دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ پاکستان عراق سے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔پاکستانی شہری کثیر تعداد میں زیارات کیلئے عراق کا رخ کرتے ہیں ۔وزیر داخلہ کی درخواست پر عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزہ فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر داخلہ کے استفسار پر عراقی وزیر اعظم کی جانب سے پاکستانی زائرین کیلئے اربعین کے دوران کوٹہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی ۔ملاقات میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو الیکٹرانک ویزہ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
وزیر داخلہ کی استدعا پر عراقی وزیر اعظم کی جانب سے معمولی جرائم اور زائد قیام پر عراقی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی یقینی بنانے کے وزارت انصاف کو ہدایات دی گئیں ۔ وزیر داخلہ نے پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے عراقی وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی پیش کی، عراقی وزیر اعظم نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔