وفاقی وزیر داخلہ سے امریکی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات

152
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کا احیات آباد، پشاور میں ایس او ایس ولیج کا دورہ ، ترجمان سپریم

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اس سے نمٹنے کیلئے عالمی براداری کو ملکر کام کرنا ہوگا ،پاکستان اور امریکا کے مابین بہترین تعلقات ہیں جو کئی دہائیوں پر محیط ہیں،پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ہفہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ہے ۔

اس موقع پر پاکستان امریکا تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر داخلہ نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ امریکا میں امریکی کانگرس کے اراکین سے ملاقاتیں انتہائی مثبت رہیں، ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحۂ عمل ترتیب دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کیلئے عالمی براداری کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین بہترین تعلقات ہیں، جو کئی دہائیوں پر محیط ہیں،پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔ محسن نقوی نے قائمقام امریکی سفیر کو اسلام آباد کے جشن بہاراں پروگرام میں شرکت کی دعوت بھی دی۔