وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدسے ترکی کے نائب وزیرداخلہ اسماعیل گتاکلی کی وفد کے ہمراہ ملاقات

97

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان اور ترکی کی داخلہ امور کی وزارتوں نے تعاون اور اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو ترکی کے نائب وزیرداخلہ اسماعیل گتاکلی نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدسے وفدکےہمراہ وزارت داخلہ میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ پر بھی گفتگو کی گئی۔بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ترکی کی داخلہ کی وزارتوں کے درمیان تعاون اور اشتراک بڑھانے پراتفاق کیاگیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی بہترین دوست ممالک ہیں، تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام دونوں ملکوں کا مشترکہ ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر پر ترک صدر طیب اردگان کے دو ٹوک موقف کے بہت معترف ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاحت اور کاروبار کے فروغ کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔ ترک نائب وزیر داخلہ نے شیخ رشیداحمد کے لئے ترک ہم منصب کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی داخلہ وزارتوں کے درمیان اشتراک بڑھانے کی ضرورت ہے، پاک ترکی داخلہ وزارتوں کے درمیان بہتر روابط سے غیرقانونی امیگریشن کوروکا جاسکتا ہے۔

ملاقات میں ترک محکمہ امیگریشن کے چیئرمین ساوس انلواور ترک سفیر مصطفے احسان یرداکل شامل تھے۔سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ایڈیشنل سیکرٹری فخر عالم اور چیرمین نادرا طارق ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔ترک نائب وزیر داخلہ اسماعیل گتاکلی چار رکنی وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔