وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ

89
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کے ہمراہ میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔

فوکل پرسن میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر عبداللہ تبسم کے مطابق وزیر داخلہ کے دورہ کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی محمد حمزہ شفقات اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کیپٹن (ر) سید علی اصغر نے انہیں ڈیپارٹمنٹ کی استعداد اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔

وزیر داخلہ نے فائر بریگیڈ کے عملے کی کارکردگی کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے انہیں ادارے میں جدت لانے کیلئے سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی سے بھی آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو سانحات اور حادثات سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے شہر کی آبادی میں کئی گنا اضافہ ہونے کے باوجود اس اہم ڈیپارٹمنٹ کو نظرانداز کیا جاتا رہا لیکن اب وزارت داخلہ اس اہم ادارے میں اصلاحات اور جدت لانے کیلئے وسائل فراہم کرے گی اور فائر فائٹنگ کے جدید آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر سانحات اور حادثات میں ضرورت آنے والے آلات اور مشینری خریدی جائے گی۔

انہوں نے ادارے میں ملازمین کی کمی پوری کرنے کیلئے نئی بھرتی کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ادارے کی استعداد بڑھانے کیلئے ملازمین کہ تعداد میں اضافہ کیا جانا ضروری ہے اور وہ اس کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی اور جدت لانے کیلئے چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔