وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا ڈی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ، زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی

55
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا ڈی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ، زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی

راولپنڈی۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہفتہ کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور اسلام آباد میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

اس موقع پر انہوں نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے جڑواں شہروں کے محکمہ پولیس کی گرانقدر خدمات کو سراہا اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ وارانہ طور پر صورتحال پر قابوپایا جس میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ آپریشن کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے۔شیخ رشید نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کانفرنس کے بعد بہادر پولیس اہلکاروں کو ایوارڈز دیئے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے بعد اسلام آباد کے لئے نیا سکیورٹی پلان وضع کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس کو سات گاڑیوں کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس مزید 16 جدید ترین سکیورٹی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جبکہ 125 موبائل جرائم پر قابو پانے کے لئے سکواڈز بھی دارالحکومت کے علاقوں میں گشت کر رہے ہیں۔

او آئی سی کی کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر پاکستان میں 41 سال بعد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔

انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ کانفرنس کے دنوں میں غیر ضروری طور پر نقل و حرکت نہ کریں کیونکہ تقریباً 450 غیر ملکی وفود کانفرنس میں شرکت کے لئے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔