وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

104

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عبدالحفیظ شیخ وزیر خزانہ کی حیثیت سے اپنا کام جاری رکھیں گے، وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اپنے پانچ سال کی مدت پوری کرے گی ، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملک میں ہر تحصیل ہر ضلع میں جلسہ کر لئے ہیں، آخر میں لوگ بھی تھک گئے، کوئی بھی تحریک ہمیشہ عوام کے جذبات کے ساتھ چلتی ہے، ایک سال تحریک چلے یہ کبھی بھی نہیں دیکھا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کسی صورت اکٹھے نہیں ہوسکتے۔جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن پہلے بھی آزادی مارچ لے کر آئے تھے جس کے اثرورسوخ میں نوازشریف ملک سے باہر چلے گئے، لیکن اب جو مسئلہ پیدا ہوا ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے پنجاب میں سپیکر کے خلاف عدم اعتماد ہواور مسلم لیگ (ن) کی سٹرٹیجی ہے کہ عثمان بزدار ہمیں قبول ہے، وہ پنجاب میں عمران خان اور عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آصف زرداری بہت ہوشیار آدمی ہے، انہوں نے بینظیر بھٹو شہید سے شادی سے لے کر صدارت تک سب ہوشیاری سے حاصل کیا ہے، پی ڈی ایم کے سامنے بھی انہوں نے اسی ہوشیاری کی بناء پر اپنا آخری پتہ پھینکا ، ہم نے نواز شریف کو کہا ہے کہ اگر وطن واپس آنا چاہیں تو ہم چوبیس گھنٹے میں سفری کاغذات دے دیں گے،شہزاد اکبر اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

نوازشریف کی زندگی کے تحفظ کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لندن میں اور پاکستان میں ایک ہی خدا ہے، جان کی گارنٹی کوئی نہیں دے سکتا، نوازشریف کو خطرہ ہو یا نہ ہو انہوں نے واپس نہیں آنا ، حکومت نوازشریف کی دشمن نہیں، اگر دشمن ہوتی تو انہیں باہر جانے نہ دیتی ،میں ان 14 وزراء میں شامل ہوں جس نے نوازشریف کو باہر جانے کیلئے ووٹ دیاتھا۔ شیخ رشید نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تبدیل نہیں ہو رہے، عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں ۔شہباز گل پر سیاہی پھینکنے اور کیپٹن صفدر پر انڈہ پھینکے جانے کے واقعے بارے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔