اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ن عید الاضحٰی کی نماز لاہور میں ادا کی،انہوں نے عزیز و اقارب اور لوگوں سے عید ملی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے ملک کی ترقی، استحکام، سالمیت، امن اور عوام کی خوشحالی بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کےلئے خصوصی دعا کی۔
وفاقی وزیرداخلہ نے سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے قربانی کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عید الاضحٰی پر ہم اسرائیلی بربریت کا شکار اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،آج مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کےمسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ اقوام عالم کو یہ مظالم فوری روکنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں۔ عید الاضحی کی خوشیوں میں ہمیں مستحق بہن بھائیوں کا خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وطن کے معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت اور تعمیر و ترقی کے لیے جانیں قربان کیں۔
C:irf-sak-tca-tmc-rmq/R:irf