اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر مبنی کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر محسن نقوی نے سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کی پوری قوم معترف ہے اور بلوچستان میں قیام امن کے لیے قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملکی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے سیکورٹی فورسز کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578577