اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کینٹ پر حملہ ناکام بنانے کے دوران شہادت پانے والے سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے بہادر جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
محسن نقوی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر بیٹوں نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے 16 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جو ملکی سلامتی کے خلاف سازشوں میں ملوث تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بزدل دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569200