اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کو ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر خصوصاً بلوچستان میں ریلوے ٹریکس اور ٹرینوں کی سکیورٹی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریلوے اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے مشترکہ کریک ڈاؤن کیا جائے گا جس میں نیشنل کونسٹینلری اور ریلویز پولیس مشترکہ طور پر حصہ لیں گی جبکہ ایف سی بھی انسداد تجاوزات آپریشن میں ریلوے پولیس سے مکمل تعاون کرے گی۔
اس موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان نئی ٹرین چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ریلوے ٹریکس اور ٹرینوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ریلوے پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ محسن نقوی نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کے دور میں ریلویز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے اراضی سے تجاوزات کے خاتمے میں فیڈرل ریزرو پولیس کی معاونت فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے وزارت داخلہ کی حمایت اہم کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ، آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔