اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد زیرو ویسٹ سٹی آپریشن کو کامیاب بنانے پر سی ڈی اے، آئی سی ٹی اور اسلام آباد پولیس کی ٹیموں کو شا باش دی ہے۔ بدھ کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب تکمیل پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلام آبادزیرو ویسٹ سٹی آپریشن کی کامیاب تکمیل کے لئے سی ڈی اے، آئی سی ٹی اور اسلام آباد پولیس نے عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے روز بھرپور طریقے سے کام کیا اور تینوں اداروں نے عوامی خدمت کی اعلی مثال قائم کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے جذبے اور عزم کے ساتھ کام کیا،صاف اسلام آباد مشن کو کا میاب بنانے کے لیے تمام ادروں کی کا وشیں قابل ستائش ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ صاف اسلام آباد مشن کو کا میاب بنانے میں شہریو ں نے بھی کلیدی کردار ادا کیا، شہریوں کا تعاون پر شکر گزار ہیں۔ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے تمام آپریشن کی خود نگرانی کی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے کے عملہ صفائی نے عید الاضحیٰ کے دوران 15 لاکھ سے زائد قربانی کے جانورں کی آلائشیں اکٹھی کرکے سائنسی بنیادوں پر تلف کیں اور شہر کو تعفن زدہ ہونے سے بچایا ، صفائی آپریشن میں مجموعی طور پر2600 ٹن سے زائد ویسٹ کو بھی تلف کیا گیا۔محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تین روز میں دی گئی ہیلپ لائنز پر تقریبا 150 شکایات موصول ہوئیں جن کا بروقت ازالہ یقینی بنایا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ ماحول دوست بائیو ڈیگریڈایبل بیگز مفت تقسیم کئے گئے جس سے آلائشیں تلف کرنے میں آسانی رہی۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے آخری روز مختلف مارکیٹس کو سوڈیم ہائیپو کلورائیڈ اور ان ٹریٹڈ پانی سے دھو کر تفصیلی صفائی کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔