26 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا عید پر شہداء کو خراج عقیدت،...

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا عید پر شہداء کو خراج عقیدت، شہید لیفٹیننٹ حسن اشرف کے اہل خانہ سے ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید الفطر کے موقع پر ملک کے امن و سلامتی کے لیے قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے قوم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے واپڈا ٹاؤن میں شہید لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہید کے والد محمد اشرف، ان کے بھائی محمد حنان اشرف اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی۔

انہوں نے ان کے ساتھ وقت گزارا، اظہار یکجہتی اور تعزیت بھی کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے انتہا پسند دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں لیفٹیننٹ حسن اشرف کی غیر معمولی بہادری اور لازوال قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ لیفٹیننٹ حسن اشرف جیسے ہیروز قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے اور ہم دہشت گردی کی لعنت کو ختم کر کے اس قرض کو ادا کریں گے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ حسن اشرف نے چند ماہ قبل میران شاہ میں پاکستان کی حفاظت کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577561

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں