اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک سے شہید ملت چوک تک سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ نے شرپسندوں کی جانب سے شیلنگ کے دوران شہید ملت چوک پہنچے اور جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ شیلنگ کے باوجود جوانوں کے ساتھ کھڑے رہے اور ان کا حوصلہ بڑھایا اور جوان مردی سے شرپسندوں کا مقابلہ کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے رینجرز، ایف سی، اسلام آباد و سندھ پولیس کے جوانوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔ ڈیوٹی پر موجود جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، شرانگیزی کرنے والوں سے آپ نے قانون کے مطابق نمٹنا ہے۔ آئی جی اسلام آبادپولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔