استنبول۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے استنبول میں ترکیہ کے وزیر دفاع یسر گلیر (Yasar Guler) سے اہم ملاقات کی۔ ترکیہ کے وزیر دفاع نے استنبول میں انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے وزیر دفاع کو پاکستان میں ہونے والی آئیڈیاز ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاک ترکیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور تجارت بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں وزرانے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ اشتراک کار کی موجودہ رفتار کو سراہا۔ ملاقات میں بہترین باہمی مفادات میں اشتراک کار بڑھانے کی مزید راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان سے گوشت کی برآمدات بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ ترکیہ نے پاکستان سے گوشت کی برآمدکے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے وزیر کی جانب سے گوشت کی برآمد کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر ترکیہ حکومت کا خیرمقدم کریں گے، دوطرفہ تعاون کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے باہمی وفود کے دورے ضروری ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے استنبول میں بین الاقوامی نمائش کے لئے ترک حکومت کے بہترین انتظامات کو سراہا۔ ترک حکومت کے اعلیٰ حکام کے علاوہ پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی اس موقع پر موجود تھے۔