29.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومتازہ ترینوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات،...

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات، اربعین اور محرم الحرام کے دوران زائرین کے لئے بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ

- Advertisement -

تہران۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی سے اہم ملاقات کی جس میں کئی بڑے فیصلے کئے گئے۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کا زائرین کے لئے بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت اربعین اور محرم الحرام کے دوران پاک ایران بارڈر زائرین کے لئے 24/7 اوپن رہے گا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ 5 ہزار پاکستانی زائرین کو ایرانی حکومت مشہد میں قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کرے گی اور ایرانی حکومت زائرین کے لئے بارڈر سے عراق تک خصوصی انتظامات کرے گی۔

ملاقات میں زائرین کی سہولت اور مسائل کے فوری حل کیلئے ہاٹ لائن کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اربعین سے قبل مشہد میں پاکستانی زائرین سے متعلق پاکستان، ایران اور عراق کی وزارت داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں زائرین کی سکیورٹی کے لئے پروازوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور اس پر عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل جلد ترتیب دیا جائے گا۔ ملاقات میں بحری راستے سے بھی زائرین کو ایران اور عراق بھجوانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

- Advertisement -

ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور انسداد منشیات کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ بارڈر سیکورٹی مینجمنٹ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، پاکستان کی سکیورٹی ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کی خدمت ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔ ملاقات میں غیر دانستہ پاکستانی بحری حدود میں جانے والے حراست میں لئے گئے ایرانی ماہی گیروں کی رہائی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ ایرانی ہم منصب کے مطالبے پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ زائرین کو سہولتوں کی فراہمی پر ایرانی حکومت کے شکر گزار ہیں،

ہاٹ لائن کے قیام سے ایشوز کو فوری طور پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ایران کے نائب وزیر داخلہ علی اکبر پورجمیشدیان، ڈپٹی وزیر داخلہ نادر یار احمدی، مشیر ہادیان، گورنر جنرل سیتان بلوچستان منصور باجر، وزارت داخلہ کے انٹرنیشنل افیئرز کے سربراہ کرنل جواہری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602372

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں