اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو تبلیغی مرکز رائے ونڈ کا دورہ کیا اور تبلیغی جماعت کے عمائدین مولانا محمد احمد بٹلر، مولانا عبید اللہ خورشید، ڈاکٹر سلیم اور دیگر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انور غنی، میاں احسن، ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا عامر احسان، مولانا امجد فاروق، شبیر احمد عثمانی، مفتی عرفان اور بریگیڈیئر (ر) مصدق بھی موجود تھے۔
وزارت داخلہ کے مطابق تبلیغی جماعت کے عمائدین نے وزیر داخلہ کو نومبر میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات سے آگاہ کیا۔محسن نقوی نے تبلیغی جماعت کے عمائدین کی اسلام کے لیے خدمات کو سراہا اور اجتماع میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود کو سہولت فراہم کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی ویزہ سے متعلق کوئی مسئلہ ہو گا ہم اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، اجتماع میں بیرون ملک سے آنے والے وفود ہمارے معزز مہمان ہیں، ان کے لیے ہر سطح پر ہر ممکن سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میں ہر سال تبلیغی اجتماع میں باقاعدگی سے شرکت کرتا ہوں اور انشاء اللہ اس سال بھی شرکت کروں گا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اجتماع کے منتظمین کو اس نیک کام کو جاری رکھنے کا اجر عطا فرمائے۔مولانا محمد احمد بٹلر نے کہا کہ سب کو اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹنا ہے، ہمیں اسلام اور انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنانا چاہیے، حقیقی کامیابی اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں ہے۔