وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

137

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی سفارتخانے میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی، فریقین نے باہمی تعاون کی وسعت اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر داخلہ کی آمد پر سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران اقتصادی، سماجی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے مملکت سعودی عرب اور سعودی سفیر سے پاکستان کی اقتصادی امداد اور سماجی ترقی کے شعبوں میں خصوصی اور مسلسل حمایت پر اظہار تشکر بھی کیا۔

انہوں نے حالیہ پاک خلیج تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں اعلیٰ سطحی وفد کے ذریعے سعودی عرب کی شرکت پر بھی شکریہ ادا کیا۔بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئےمحسن نقوی نے منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے پاسپورٹ کے نئے ضوابط متعارف کرائے جا رہے ہیں اور منظم بھیک مانگنے والے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔محسن نقوی نے سعودی شہریوں کے پاکستان میں ویزہ کے بغیر داخلے کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کے طور پر بھی تسلیم کیا۔انہوں نے منشیات کے مقدمے میں غلط طور پر ملوث پاکستانی خاندان کے پانچ افراد کی رہائی اور بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے میں سعودی حکومت کے اہم کردار پر خصوصی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے تعاون کی وجہ سے ہی یہ معصوم خاندان بحفاظت وطن واپس لوٹ سکا۔سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پاکستان کے ساتھ سعوی عرب کے گہرے تعلقات اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔