اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے نئے سال کے آغاز پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سال بھی چین کے لئے مزید تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا، نئے سال کے دوران چین پائیدار ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ بدھ کو اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نےچین کے نئے سال کے آغاز پر چینی قیادت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت نے محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ ترقی کی منزل حاصل کی۔ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت، بے روزگاری اور کرپشن کیخلاف کامیاب جدوجہد کی۔محسن نقوی نے کہا کہ چین پاکستان کاسب سے زیادہ با اعتماد دوست ہے، پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے، کوئی بھی پاک چین دوستی کو زک نہیں پہنچا سکتا، پاک چین ناقابل تسخیر دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553436