واشنگٹن۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں لنکن لبرٹی بال کے خصوصی عشائیہ میں شرکت کی، جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے امریکی سینیٹرز، ممبران کانگریس اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔محسن نقوی نے عشائیہ کے دوران سینیٹر ٹومی ٹیوبر ویل، ممبر کانگریس کین کلورٹ، سابق برطانوی وزیر اعظم لز ٹراس اور گورنر مسی سیپی فلپ برینٹ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے عشائیہ کے دوران امریکی سینیٹرز اور ممبران کانگریس کو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور امریکی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ آج امریکا کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ میں نے دیکھا ہے کہ امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کی دوسری مدت کے آغاز کا زبردست انداز میں خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کا ایک نیا باب شروع ہوگا۔اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ نےامریکی عوام کے لئے محبت اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔