اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پمز ہسپتال گئے اور ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی پولیس کانسٹیبل جعفر جہانگیر کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی کانسٹیبل جعفر جہانگیر کے بلند حوصلے کو سراہا ۔ انہوں نے زخمی کانسٹیبل جعفر کی عیادت کی ، خیریت دریافت کی اور مکمل صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
و زیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی کانسٹیبل جعفر کے بہترین علاج معالجہ کے لئے ہدایات دیں اور کہا کہ زخمی پولیس کانسٹیبل جعفر کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے سپوتوں نے ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید اے ایس آئی سدھیر عباسی ایک پروفیشنل اور نڈر افسر تھے۔
شہید اے ایس آئی سدھیر عباسی کے اہلخانہ کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے گا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور اعلی پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سدھیر عباسی شہید اور کانسٹیبل جعفر جہانگیر زخمی ہوگئے تھے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602696