وفاقی وزیر داخلہ محمد اعظم خان کی چائنیز پیپلز آرمڈ پولیس فورسز کے کمانڈر جنرل وانگ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات
ملاقات میں پاکستان کی سول آرمڈ فورسز اور چائنیز پیپلز آرمڈ پولیس فورسز کے درمیان دوطرفہ تعاون کے امور زیر غور آئے
اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ محمد اعظم خان سے چائنیز پیپلز آرمڈ پولیس فورسز کے کمانڈر جنرل وانگ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ سمیت وزارت داخلہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان کی سول آرمڈ فورسز اور چائنیز پیپلز آرمڈ پولیس فورسز کے درمیان دوطرفہ تعاون کے امور زیر غور آئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کو مکمل اور فول پروف سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، اس ضمن میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطہ میں دہشت گردی، علحیدگی پسندی اور انتہاءپسندی کے خاتمہ کیلئے مل جل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی تہذیب دنیا میں سب سے قدیم ترین تہذیب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے محکمہ پولیس کے امور کے حوالہ سے تعاون پر زور دیا۔ جنرل وانگ نے پاک۔چین تعلقات کو وسعت دینے کے حوالہ سے وزارت داخلہ کی کوششوں کی تعریف کی اور تجویز دی کہ پاکستان اور چین کے سکیورٹی کے معاملات پر مشترکہ تعاون بڑھایا جائے۔ پاکستان کی جانب سے چین کی اس تجویز کی تعریف کی اور اس ضمن میں جلد اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔