اسلام آباد ۔ 14 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی شہر‘ پوٹھوہار ٹاﺅن اور راولپنڈی کے دیہی علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور مختلف مقامات پر آلائشوں کی موجودگی کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی میں صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینمجنٹ حکام کو فوری طور پر شہر بھر سے آلائشیں صاف کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں راولپنڈی بھر کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے۔