وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا سارک وزراءداخلہ کانفرنس کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب

152

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سارک وزراءداخلہ کانفرنس ایجنڈے کے اعتبار سے کامیاب رہی ہے‘اس فورم کو وسعت دینے اور آگے بڑھانے کے لئے ممبر ممالک کو ذاتی اور مخصوص ایجنڈے سے باہر نکلنا ہوگا ‘بھارت اور ایک دوسرے ملک کی جانب سے سارک اجلاس کی روایت سے ہٹ کر سیاسی بیان دینے کی کوشش کی گئی توڈٹ کر پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا ہے‘دہشت گردی کی آڑ میں آزادی کی تحریکوں کو دبایا نہیں جا سکتا اس کا حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دیا گیا ہے، دہشت گردی کے نام پر سیکورٹی فورسز کی طرف سے عام شہریوں کو نشانہ بنانا غلط ہے، دہشت گردی کے پردے میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کو کیا نام دیں گے،دنیا بھر کے ممالک با لخصوص بھارت جسطرح ویزہ کے اجراءکا طریقہ کار اپنائے گا یا کوئی شرائط لاگو کریگا اسی طرح اس ملک کے ساتھ پاکستان بھی وہی ہی شرائط اور ضوابط رکھے گا۔وہ جمعرات کو سارک وزراءداخلہ کانفرنس کے اختتام پر یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سارک وزراءداخلہ کانفرنس مجموعی طور پر خوشگوار ماحول میں ہوئی،سارک ممالک کے رکن ممالک کے نمائندوں نے بطور چیئرمین اجلاس میرے کردار کو سراہا ہے بطور چیئرمین میں نے بہتر انداز میں اجلاس چلایا ہے جس میں تمام ممالک نے ایجنڈے پر اپنا اپنا موقف سامنے رکھا۔