
اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ماضی میں قومی شناختی کارڈ کوڑیوں کے حساب سے فروخت ہوئے اس معاملہ پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، نادرا کی طرف سے 3 لاکھ 33 ہزار 85 شناختی کارڈ بلاک کئے گئے جن میں ایک لاکھ 74 ہزار 84 تصدیق شدہ غیر ملکی ہیں جنہیں بلاک نہیں منسوخ کیا جارہا ہے‘ باقی ماندہ بلاک ایک لاکھ 24 ہزار 191 شناختی کارڈز کو 60 یوم کے اندر تصدیق کی شرائط کے ساتھ ان بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ 62 بین الاقوامی این جی اوز کو رجسٹریشن دیدی گئی ہے، 60 کو قانونی تقاضے پورے کرنے کی شرط پر اجازت دی جائے گی، بعض کو بالکل اجازت نہیں دی جائے گی، ویزہ سسٹم میں بہتری لانے کیلئے ساڑھے تین برس میں اقدامات اٹھائے گئے، وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ کوئی بھی شخص بغیر دستاویز کے پاکستان داخل نہیں ہوسکتا، خانان اینڈ کالیہ کا کیس 2008ءکا ہے جس کے ذمہ داران اس وقت عدالت سے بری ہوئے بطور وزیر داخلہ نئے طریقے سے انکوائری شروع کی ، 103 ارب روپے کی ترسیلات زر منتقل ہوئیں اس ضمن میں ایف آئی اے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے،