اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے دکی میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر سکیورٹی اداروں کی تعریف کی ہے۔
آپریشن کی ستائش کرتے ہوئے ہفتہ کو وفاقی وزیر محسن نقوی نے 5 دہشتگردوں کا جہنم واصل کرنے پر بہادر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں قوم کے بہادر بیٹے قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور متعلقہ ایجنسیوں نے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر اور ان کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنا کر ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم ان نوجوان افسروں کی ہمت کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے غیر معمولی بہادری کے ساتھ اس مشن کو انجام دیا، پوری قوم کو آپ کے عزم اور طاقت پر فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد اور پرعزم ہے، اس لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
دکی میں آپریشن پورے ملک میں امن و سلامتی کی بحالی کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں میں ایک اور اہم قدم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584445