اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے تین کامیاب آپریشنز پر بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے، ان آپریشنز کے دوران 19 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے شہداء پر ناز ہے اور عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان آپریشنز سے یہ ثابت ہوا کہ خوارجی دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں قوم اور سکیورٹی ادارے متحد ہیں،انشاءاللہ عوام کی حمایت سے خوارجی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
محسن نقوی نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔