اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):نیشنل پولیس اکیڈمی کوا پ گریڈ کر کے ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرز پر استوار کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جو اکیڈمی کی تاریخ میں جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کا پہلا منصوبہ ہے ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے دورے کے دوران اکیڈمی کی تنظیم نو کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اکیڈمی کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس احمد نے ماسٹر پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے پریڈ گراؤنڈ کو بڑا اور خوبصورت بنانے اور انڈر ٹریننگ افسران کے لیے رہائشی بلاک کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا مقصد نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنانا ہے، جہاں بیرون ملک سے بھی افسران تربیت کے لئے آئیں۔
نئے منصوبے کے تحت پولیس اکیڈمی میں ایلیٹ فورس ٹریننگ سکول، ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر، اور جدید انڈور و آؤٹ ڈور فائرنگ رینجز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ضروری تبدیلیوں کے بعد ماسٹر پلان دوبارہ پیش کیا جائے۔اجلاس میں کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔