اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن کے قیام، کرکٹ کے فروغ، پاکستان سپر لیگ سمیت دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سٹیڈیم کی تعمیر نو سے کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا، محدود وقت میں نیشنل سٹیڈیم کی شاندار تعمیر نو قابل تحسین ہے۔
گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سپر لیگ سے کرکٹ کا نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گورنر اینیشیٹوز کے تحت جاری منصوبے قابل تقلید ہیں، آئی ٹی کے جدید کورسز سے نوجوان کا مستقبل تابناک ہوگا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شجر کاری مہم کے تحت گورنر ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔