وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین سے آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت مدات گلییف کی ملاقات

95

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین سے آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت مدات گلییف نے کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیر نے آئیڈیاز 2022 میں معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔وفاقی وزیر محمد اسرار ترین نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

وفاقی وزیر نے باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے معزز مہمان کو آذربائیجان کی خودمختاری اور دفاع کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ دفاعی پیداوار میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے مواقع موجود ہیں۔

اسرار ترین نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی دفاعی صنعتوں کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی پیشکش کی۔