اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے قومی سلامتی کے استحکام ، عوامی ریلیف کی ترجیح اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تیز کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا ہے ۔
وفاقی وزیر نے منگل کواپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کی گئی ہیں اور جلد ہی بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے کارروائیاں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل صرف کوئٹہ تک محدود نہیں ہونے چاہئیں اور صوبے کی موجودہ صورتحال پر سابقہ مرکزی حکومتوں کو بھی جوابدہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی اور صوبے کے تمام حقیقی مطالبات پورے کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی دہشت گردانہ سرگرمیوں، بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث ہونے کی وجہ سے ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
انہوں نے نوجوانوں اور ملک کی فلاح و بہبود کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم کی کوششوں کو بھی سراہا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قوم عید کے بعد بجلی کے حوالے سے اچھی خبر وں کی توقع کر سکتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کے ریلیف کا فیصلہ حکومت نہیں بلکہ عدالتیں کریں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577723