وفاقی وزیر دفاع کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

93

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سرحدوں سے پار ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ سی پیک پر عمل درآمد نہ ہو، دہشت گردی پر قابو نہ پایا جا سکے اور پاکستان ترقی نہ کرے، سی پیک پر بھی ہم بہت بہتر طریقے سے کامیابی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ میں افواج پاکستان نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں انکی پوری دنیا میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی اور ہماری افواج کا کوئی ثانی ہی نہیں، یہی بات ہمارے دشمن کو ہضم نہیں ہو رہی اور وہ سرحد پار سے ہمارے ملک کو نشانہ بنا رہا ہے جبکہ اندرون خانہ ہمارا دشمن وزیراعظم محمد نواز شریف کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارے سرحد پار دشمن کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو پا رہی اور وہ پاکستان میں سی پیک کی کامیابی نہیں چاہتے اور نہ ہی پاکستان کو ناقابل تسخیر ہوتا ہوا دیکھ سکتے اسی طرح عمران خان کو بھی خوف ہے کہ اگر وزیراعظم محمد نواز شریف اپنی کامیابیوں کے سفر کو جاری رکھتے ہیں تو وہ اندرون ملک ان کے لیے ناقابل تسخیر ہو جائیں گے، جب میرے لیڈر وزیراعظم محمد نواز شریف جنہوں نے ڈیڑھ کروڑ ووٹ لیے ہیں ان کے بارے میں کوئی کچھ کہے اور اسے سیکیورٹی رسک قرار دے تو ہم حساب تو ضرور برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔