اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میری سیاست اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ میرا وطن میری اول و آخر کمٹمنٹ ہے اور میرا ٹویٹ بھی اس بات کی گواہی دیتاہے کیونکہ اگر کوئی اندرون خانہ دشمن ہمارے ملک کو نقصان پہنچائے گا تو وہ بھی ہمارا دشمن ہی ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اگر کوئی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پر حملہ کرے گا اور اسے بند کر دینے کی باتیں کرے گا تو حکومت اس کے دفاع کو یقینی بنائے گی اور اپنی ذمہ داری کو پورا کرے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرحدوں سے پار ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ سی پیک پر عمل درآمد نہ ہو، دہشت گردی پر قابو نہ پایا جا سکے اور پاکستان ترقی نہ کرے، سی پیک پر بھی ہم بہت بہتر طریقے سے کامیابی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ میں افواج پاکستان نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں انکی پوری دنیا میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی اور ہماری افواج کا کوئی ثانی ہی نہیں، یہی بات ہمارے دشمن کو ہضم نہیں ہو رہی اور وہ سرحد پار سے ہمارے ملک کو نشانہ بنا رہا ہے جبکہ اندرون خانہ ہمارا دشمن وزیراعظم محمد نواز شریف کو نشانہ بنا رہا ہے۔