وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

105

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے جرم میں ملوث ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے کیونکہ نہتے کشمیریوں کے قتل عام سے بڑی ریاستی دہشت گردی اور کیا ہو سکتی ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستانی حصوں کی بات نہ کریں کیونکہ انہوں نے تو کشمیر جو کہ ایک جنت نظیر تھا میں ظلم و بربریت کی انتہا کر کے اسے جہنم بنا دیا ہے، بھارتی وزیر اعظم کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں اور وہ کشمیر سمیت بھارت میں بھی قتل عام میں ملوث ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کا مخالف نہیں لیکن بھارت سے کوئی امیدیں وابستہ نہیں کی جا سکتیں، اس وقت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال انتہائی بدتر ہے جہاں بے گناہ لوگوں کا قتل عام تو کیا جا ہی رہا تھا اب مخصوص پیلٹس گن کے استعمال سے کشمیری نوجوانوں کو اندھا بھی کیا جا رہا ہے جس سے عالمی برادری بھی واقف ہے اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کر رہی ہے لیکن بھارتی وزیر اعظم دوسروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیںجو ان کی کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش ہے کیونکہ دنیا کے سامنے بھارتی چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے۔